تانیہ کی ماہواری کی دلچسپ کہانی

ایک لڑکے نے حادثاتی حالت میں، کیسے میری مدد کی

سب کو آداب! میرا نام تانیہ ہے اور میری عمر 16 سال ہے مگر میرے محلے میں ہر کوئی مجھے اس حوالے سے جانتا ہے کہ "وہ لڑکی جو لڑکوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتی ہے"۔ جی ہاں، میں اپنے اسکول کی لڑکوں کی فٹ بال ٹیم میں کھیلنے والی واحد لڑکی ہوں۔ لوگ مجھ سے اکثر پوچھتے ہیں کہ مجھے کھیلوں میں لڑکوں کے ساتھ مقابلہ کرنا کیسا لگتا ہے، تو میں انہیں کہتی ہوں کہ "اگر لڑکیوں کو مواقع فراہم کیے جائیں، تو وہ بھی لڑکوں جیسے کئی کام کر سکتی ہیں۔"

ہماری ٹیم ہفتہ میں پانچ دن مشق کرتی ہے، لہٰذا میں اپنا فالتو وقت اکثر لڑکوں کے ساتھ ہی گزارتی ہوں۔ چونکہ ہم زیادہ تر وقت فٹ بال کی اپنی پسندیدہ ٹِیموں اور کھلاڑیوں کے بارے میں بات چیت میں گزارتے ہیں، لہٰذا اس کے علاوہ لڑکوں کے ساتھ میں دیگر کوئی چیز شیئر نہیں کرتی۔ میں صرف جان سے تھوڑی زیادہ قریب ہوں۔ وہ میرا پڑوسی ہے اور ہماری مائیں ایک دوسرے کی بہترین سہیلیاں ہیں۔ تاہم، میرے بارے میں کچھ ایسی چیزیں بھی ہیں جو اس کو بھی معلوم نہیں ہیں۔ آپ کو معلوم ہے کہ لڑکیوں کی مخصوص چیزوں کے بارے میں اسے سمجھ نہیں آئے گی۔

ایک دن ہم ایک حریف ٹیم کے خلاف کھیلنے کے لیے میچ کی مشق کر رہے تھے۔ میں اس میچ کی تیاری میں اتنی مگن رہی کہ مجھے یاد ہی نہیں رہا کہ میری اگلی ماہواری کب آنے والی ہے اور اتفاق کی بات یہ ہے کہ فٹ بال میچ کی مشق کے دوران ہی میری ماہواری جاری ہو گئی۔ جان کو خون کا ایک دھبہ نظر آیا اور اس نے میرے کان میں سرگوشی کی اور کہا کہ "تانیہ آپ کا خون نکل رہا ہے"۔ میں خوفزدہ ہو گئی اور فورًا چینجنگ روم کی جانب بھاگی۔ مگر میرے پاس کوئی کپڑا یا پیڈ وغیرہ موجود نہیں تھا - میں پھنس گئی تھی۔ خوش قسمتی سے، میری ایک کلاس فیلو لڑکی جس کا نام انّا ہے، وہ پیڈز کا ایک پیکٹ اور فٹ بال شارٹس کی ایک جوڑی چینجنگ روم میں لے کر آ گئی۔ جان نے یہ چیزیں دے کر اسے میرے پاس بھیجا تھا۔

جب میں دوبارہ ہمت کر کے گراؤنڈ میں واپس گئی، تو مجھے یقین تھا کہ جان اور گراؤنڈ میں موجود دیگر لڑکے میرا خوب مذاق اڑائیں گے۔ مگر میں اس وقت حیران رہ گئی جب وہ سب مجھ سے کہنے لگے کہ "کیا تم کچھ بال کھیلنے کے لیے تیار ہو؟" اچانک مجھے خیال آیا کہ اس میں مجھے چھیڑنے والی تو کوئی بات تھی ہی نہیں، کیونکہ ماہواری تو معمول کی بات ہے! لہٰذا میں نے مسکرا کر کہا کہ "میں جیتنے کے لیے تیار ہوں!" اس کے بعد دوبارہ میں اپنی ماہواری سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوئی اور نہ ہی آپ کو گھبرانا چاہیے۔

Share your feedback