آپ نے آج کیا کیا؟

نمایاں کام؟ اس کا کلی دارو مدار ذاتی سوچ پر ہے۔

میرا شیڈول بہت مصروف ہوا کرتا تھا — اسکول، غیر نصابی سرگرمیاں جیسے اسپورٹس اور کلب، اپنے دوستوں کے ساتھ باہر گھومنا۔۔۔ میرے دن اور ہفتے ایک دم گزر جاتے تھے!

ایک مہینے سے تھوڑا عرصہ پہلے میرا اسکول عالمی وبا کی وجہ سے بند ہو گیا۔ ہمیں ابھی بھی سبق ملتے ہیں، مگر یہ مختلف ہے کیونکہ اب ہمیں گھر سے پڑھنا پڑ رہا ہے۔

اگرچہ میرے پاس عموماً کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی کام ہوتا ہے جیسے اسکول کا کام یا والدین کی مدد کرنا، کبھی کبھار دن بہت لمبے محسوس ہوتے ہیں اور کچھ راتوں کو جب میں سونے کے لیے بستر پر لیٹتی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ کوئی قابلِ ذکر کام کیے ہوئے کئی دن گزر گئے ہیں۔

جب میں سوشل میڈیا پر جاتی ہوں تو ایسا لگتا ہے کہ کئی لوگ اس وقت کا فائدہ اٹھا کر نئے ہنر سیکھ رہے ہیں، کوئی نیا مشغلہ شروع کر رہے ہیں یا مشہور سرگرمیوں میں شرکت کا لطف اٹھا رہے ہیں جیسے کھانا پکانے یا ڈانس کرنے کے مقابلوں میں حصہ لے کر۔

ایسا کوئی نیا ہنر یا مشغلہ نہیں ہے جو میں سیکھنا چاہتی ہوں۔ ابھی میرا کھانا پکانے یا ڈانس کرنے کو دل نہیں کر رہا ہے۔ ۔۔۔لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس میں میرا تھوڑا بہت قصور ہے۔ کیا میں سستی کا مظاہرہ کر رہی ہوں؟ کیا یہ میرے لیے ٹھیک ہے کہ میں کرنے کے لیے کچھ بھی نہ چاہوں؟

کچھ دن پہلے میں نے اپنی امی کو بتایا کہ میں کیا محسوس کر رہی تھی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ ہر شخص تناؤ والے حالات سے مختلف انداز میں نمٹتا ہے اور یہ کہ میں جو محسوس کر رہی ہوں وہ میرے لیے بلکل ٹھیک ہے۔

میری امی نے مجھے یاد دلایا کہ دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کو عالمی وبا کی وجہ سے نئی پابندیوں کا سامنا ہے کہ وہ کیا کریں اور کہاں جائِیں، اور یہ کہ اسے بعض اوقات قرنطینہ کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا گھر پر رہنے کی وجہ یہ ہے کہ ہم سب صحتمند رہیں، اور یہ کہ جب تک میں ایسا کرتی رہوں گی تو میں کامیابی سے وہ کام کرتی رہوں گی جو مجھے کرنا چاہیے تھا۔

امی سے بات کرنے کے بعد میں نے بہت بہتر محسوس کیا۔ ابھی بھی بعض اوقات تنگ کرنے والی ایک سرگوشی میرے دماغ میں ابھرتی ہے کہ مجھے وقت کو کسی زیادہ اہم مصرف میں لگانا چاہیے، لیکن یہ ہم سب کے لیے پریشان کن حالات ہیں اور جب کبھی میں تھوڑا اداس، بے چین یا مغلوب محسوس کروں تو میں خود کو ایسا محسوس کرنے دیتی ہوں کیونکہ یہ بلکل معمول کےمطابق اور درست ہے۔

۔۔۔اور اگر میں اس وقت بلکل کچھ بھی نہ کرنا چاہوں؟ تو میں بلکل یہی کرنے لگی ہوں!

اسکول کے کام کے علاوہ مجھے صرف یہ کام ہر روز کرنا ہے کہ گھر کے اندر رہنا ہے۔ میں ایسا کر سکتی ہوں اور آپ بھی کر سکتی ہیں۔ ہم سب ان حالات میں اکٹھے ہیں!

۔۔۔اور کس کو پتہ ہے؟ شاید اگلے ہفتے میں فوری کافی بنانے کے چیلنج میں حصہ لینا چاہوں۔ لیکن اگر میں ایسا نہ کروں؟تو یہ بھی ٹھیک ہے!

Share your feedback