کسی دوست کے ساتھ مل کر بچت کرنا کیسا رہے گا!

جب آپ مل کر بچت کریں گی تو اِس کا زیادہ مزہ آئے گا۔۔۔ اور آپ کے پاس زیادہ رقم بھی ہو گی۔

حال ہی میں میری بہترین دوست حبیبہ اور میں اپنے مُستقبل کے بارے میں منصوبہ بندی کرتی رہی ہیں۔ حبیبہ ٹیچر بننا چاہتی ہے اور میں نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے کا سوچ رہی ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ تعلیم بہت مہنگی ہے! لہذا ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم مل کر اپنی تعلیم کے لیے رقم بچائیں گی اور یہ بڑا زبردست فیصلہ ثابت ہوا ہے کیونکہ:

ہم نے ایک دوسرے کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے۔ ہم نے اس لیے مل کر بچت کرنے کی ٹھانی کیونکہ ہمیں ایک دوسرے پر اعتبار ہے - بہت زیادہ اعتبار! شروع میں ہم نے ایک دوسرے کو اپنے اہداف کے بارے میں بتایا اور اُنہیں اپنی نوٹ بُکس میں لکھ لیا۔ جب بھی ہم کچھ رقم پس انداز کرتی ہیں ہم اپنی نوٹ بُکس میں لکھ لیتی ہیں کہ کتنی اور کب۔ اس سے ہمیں یہ دیکھنے میں مدد ملتی ہے کہ ہم نے کتنی پیش رفت کی ہے اور ایک دوسرے کو اس بارے میں بتانا - ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ہر دو ہفتے بعد ایک دوسرے کو اس بارے میں بتایا کریں گی - آسان ہو جاتا ہے۔

ہم نہیں کہنے میں ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں۔ کسی اور کے ساتھ مل کر بچت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جب ہم اپنی دوستوں کے ساتھ باہر کہیں جاتی ہیں اور وہ کھانے پینے میں رقم خرچ کرنا چاہتی ہیں تو میرے لیے نہیں کہنا آسان ہو جاتا ہے کیونکہ میرا ساتھ دینے کے لیے حبیبہ موجود ہوتی ہے۔ اگر وہ موجود نہ بھی ہو تو مُجھے معلوم ہوتا ہے کہ میں نے بعد میں اُسے اِس بارے میں آگاہ کرنا ہے، اور اِس خیال کی وجہ سے میں زیادہ خرچ کرنے سے باز رہتی ہوں۔

ہم کم قیمت والے انعامات کا منصوبہ بناتی ہیں۔ ہم دونوں نے اپنے لیے چھوٹے چھوٹے اہداف مُقرر کیے ہیں کہ ہم ہر مہینے کتنی رقم پس انداز کرنا چاہیں گی۔ جب ہم ایک ہدف حاصل کر لیتی ہیں تو ہم چھوٹی سی ضیافت کر لیتی ہیں - جیسے ایک مزیدار میٹھا کیک کھا کر۔

ہم ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ جب کبھی مُجھے ایسا لگتا ہے کہ اپنے کسی ہدف کو پانا میرے لیے نا مُمکن ہے اور مُجھے ہار مان لینی چاہیے تو میں حبیبہ سے بات کرتی ہوں اور وہ میری حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ میں اپنے ہدف کے حصول کے لیے کوشاں رہوں۔ کسی اور کے ساتھ مل کر بچت کرنا مددگار ثابت ہوتا ہے، جب کبھی ایسا لگتا ہے کہ ہم کافی رقم پس انداز نہیں کر سکیں گی یا یہ کہ ہم پٹڑی سے اُتر رہی ہیں تو ہم ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتی ہیں!

ہم ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں۔ جب حبیبہ کو کچھ ہفتے پہلے ایک شادی میں جانے کا اتفاق ہوا تو اگرچہ اُسے معلوم تھا کہ اُسے نئے جوڑے کی ضرورت ہے لیکن وہ اپنی بچت کو استعمال نہیں کرنا چاہتی تھی۔ اس کی بجائے اُس نے مُجھ سے جوڑا اُدھار لے لیا۔ ایک دوسرے کی مدد کر کے - جیسے کپڑوں یا کبھی کبھی اسکول کے کھانے کا اشتراک کر کے - ہم زیادہ رقم پس انداز کرنے کے قابل ہو گئی ہیں۔

Share your feedback