چھٹیوں کے دوران اکتاہٹ کو ختم کرنے کے 3 طریقے

اپنے لیے یہ تین دلچسپ سرگرمیاں آزمائیں!

میرا نام کیرولین ہے اور جب اسکول بند ہوتے تھے تو مجھے بہت برا لگتا تھا، کیونکہ میرے پاس اپنی ماں کا ہاتھ بٹانے کے علاوہ دیگر کوئی کام نہیں ہوتا تھا - جس سے مجھے اکتاہٹ ہوتی تھی! خوش قسمتی سے، ان چھٹیوں کے دوران میری پسندیدہ کزن ماریہ ہم سے ملنے آئیں۔ وہ توانائی سے بھرپور ہے اور اس نے مجھے بتایا کہ میں اپنے آپ کو اور اپنی فیملی کو تفریح فراہم کرنے کے لیے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کیسے استعمال کر سکتی ہوں۔

اپنے خاندان کی تاریخ پر ایک کتاب لکھو

سب سے پہلی چیز جو ہم نے کی وہ یہ تھی کہ ہم نے اپنی خاندانی داستانوں پر مبنی ایک کتاب لکھی۔ ہماری دادی جان تقریبًا 6 ماہ پہلے فوت ہو چکی تھیں اور ماریہ یہ محسوس کرتی تھی کہ دادی جان کی بتائی گئی کہانیوں کو یقینی طور پر یاد رکھنے کے لیے یہ ایک نہایت اچھا طریقہ ہو گا۔ اس کام کے لیے، ہم نے اپنے اسکول کی کچھ مشقی کتب کے پیپر اور گھر میں پڑے ہوئے کچھ کالے اور نیلے پین استعمال کیے۔ جب ہم نے یہ تمام کہانیاں مکمل طور پر لکھ لیں، تو ہم نے ان کاغذوں کے کناروں پر سوراخ کیے اور ان میں دھاگہ ڈال کر ان سب کو بائنڈ کر لیا۔ آپ نے دیکھا کہ یہ کام کرنا کتنا آسان تھا! آپ بھی ایک ایسی کتاب کیوں نہیں بناتے؟

حروف تہجی کی گیم کھیلیں

ماریہ نے مجھے حروف تہجی کی گیم بھی سکھائی؛ آپ نے شروع سے آخر تک ہر حرف تہجی کے لیے کسی نہ کسی چیز کا نام سوچنا ہے۔ مگر یہ کام ہوشیاری سے کرنا ہوتا ہے؛ آپ جس چیز کا نام سوچیں اس کا تعلق ایک ہی مرکزی خیال سے ہونا چاہیے - جس طرح مختلف غذائی اجزاء، گلوکار اور تاریخی شخصیات وغیرہ۔ ہم نے یہ گیم مختلف مرکزی خیالات کے ساتھ بار بار کھیلی اور حتٰی کہ اپنی امی کو بھی اپنے ساتھ شامل کر لیا!

اپنے ہاتھ سے مدد دیں

کسی ضرورت مند کی مدد کرنے سے زیادہ صلہ دینے والا کام شاید ہی کوئی ہو۔ لہٰذا، میں نے اور ماریہ نے بالغان کو پڑھنے میں مدد دینے کے لیے مقامی کمیونٹی مرکز میں ہر ہفتے رضاکارانہ طور کچھ گھنٹے صرف کیے۔ اپنے پڑوس میں موجود لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہو کر اور انہیں پڑھنا اور لکھنا سیکھنے میں مدد دے کر مجھے واقعی بہت اچھا لگا۔

اب مجھے اسکول کی چھٹیاں یقینًا اچھی لگتی ہیں کیونکہ ان میں مجھے کچھ نئے کام کرنے کے لیے وقت مل جاتا ہے جو میرے معمول کے تھکا دینے والے کاموں سے مختلف ہوتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ میری کزن ماریہ کی مہربانی سے میں نے سیکھا، جس نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو استعمال کرنے میں میری حوصلہ افزائی کی!

Share your feedback