ٹک۔ٹوک، ٹک ۔ٹوک میری حیاتیاتی گھڑی میں اتنی گڑبڑ کیوں ہے؟

اپنے ماہوار ہونے والے مسائل کو سمجھنے کے لئے ذیل میں دی گئی تحریروں کا مطالعہ کریں۔

میرا نام فرح ہے اور یہاں میں آپ سے لڑکیوں کے حساس ترین مسئلے کے بارے میں بات کر رہی ہوں وہ ہیں پیریڈز۔ یعنی کہ حیض! وہ صورت حال جو ساری دنیا کی لڑکیوں کو پیش آتی ہے مگر سمجھا یہ جاتا ہے کہ اس پر بات کرنا ہمارے لئے بہت شرم کی بات ہے۔

بہنوں، یہ صرف بکواس ہے۔

تو آئیں ان چند چیزوں کی بات کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں اتنا پریشان کیا ہوا ہے کہ ہم ان کے بارے میں بتا بھی نہیں سکتیں۔ یہ ہمارے جسم ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سمجھیں کہ وہ کیسے کام کرتے ہیں۔ آپ کے پیریڈ آنے سے متعلق صرف ایک خوفناک بات ہے، وہ ہے جب آپ کو پیریڈ آنے پر یہ معلوم نہ ہونا کہ کیا ہو رہا ہے۔

پیلمبینگ سے تعلق رکھنے والی تری بتاتی ہیں: میں پہلے ہی پندرہ برس کی ہوں! اور ابھی تک میرے پیریڈ آنے شروع نہیں ہوئے ہیں۔ میری تمام سہیلیاں مجھے تنگ کرتی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ میں ابھی بچی ہوں۔ کیا میں نارمل ہوں؟

پہلی بات، جی ہاں،آپ نارمل ہیں،آپ ٹھیک ہیں، سکون کریں۔

لڑکیوں کو عام طور پر بالغ ہونے کے تقریباً دو سال بعد حیض آنا شروع ہوتا ہے۔ بالغ ہونے کی نشانیاں ہیں، چھاتیوں کا بڑا ہونا، لیکن بعض اوقات پہلے ناف کے نیچے بالوں کا اگنا ہے۔ آپ کے حیض شروع ہونے سے پہلے بغلوں میں یا وہاں نیچے بالوں کا اگنا ایک نارمل بات ہے

آپ اپنی امی سے بھی پوچھ سکتی ہیں کہ وہ کتنے سال کی تھیں جب انہیں پہلی دفعہ پیریڈ آئے کیوں کہ اس طرح کی چیزیں موروثی بھی ہو سکتی ہیں۔ دوسری وجوہات: لڑکیاں جو بہت زیادہ کھیل کود کرتی ہیں یا بہت زیادہ دبلی پتلی ہوں کو بعض اوقات دیر سے پیریڈز آتے ہیں۔ اور کچھ لڑکیوں کو، ہارمون کے عدم توازن کی وجہ سے پیریڈز آتے ہی نہیں۔ بہت زیادہ ذہنی دباؤ؟ تو یہ بھی وجہ ہو سکتا ہے۔

سری جن کا تعلق جیمبر سے ہے: لیکن میں پریشان ہوں،اگر مجھے کبھی بھی پیریڈ نہ آئے تو؟

ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ آپ کو پیریڈ نہ آئیں۔ لیکن وہ لڑکیاں جو سولہ برس کی عمر تک پہنچ چکی ہیں اور بغیر حیض کے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ ان میں مینسٹیورل بہاؤ نہ ہو۔ میرا آپ کو مشورہ ہے کہ اس بارے میں اپنی امی کو بتائیں اور

میڈیکل ٹیسٹ اور چیک اپ کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

دیوی جن کا تعلق بالک پاپن سے ہے: میں بائیس برس کی ہوں اور میں نے غور کیا ہے کہ میرے پیریڈ کے چکر میں بے قاعدگی ہے۔ یہاں تک کہ مجھے مہینے میں دو دفعہ بھی آجاتے ہیں اور بہاؤ بہت شدید ہوتا ہے! اس سلسلے میں میری مدد کریں!

اوسطاً ایک عورت کو مہینے میں ایک دفعہ تین سے سات دن کے لئے پیریڈ آتے ہیں۔ مگر ایک پیریڈ کے دوران بہنے والے خون کی مقدار مختلف ہوتی ہے۔ کچھ خواتین کو دوسروں کی نسبت زیادہ شدید پیریڈز آتے ہیں۔ پیریڈز میں بے قاعدگی کی چند وجوہات ذیل میں بیان کی گئی ہیں

  • ذہنی دباؤ۔ یہ پیریڈز میں بے قاعدگی کی سب سے عام وجہ ہے! اس ہارمون کے بارے میں جانیے جو آپ کو ذہنی دباؤ دیتا ہے: کورٹی سول۔ اگر آپ کے خون کے بہاؤ میں بہت زیادہ کورٹی سول ہے تو آپ کے چکر کا دورانیہ اور بہاؤ تبدیل ہو سکتا ہے! لڑکیو اپنے آپ سے پیار کریں اور اپنا خیال رکھیں۔ اگلے دن گرم گرم باتھ سے اپنی تواضع کریں۔ یہ آپ کا حق بنتا ہے۔
  • غذا۔ آپ کے جسم کی کارکردگی سے متعلق تقریباً ہر چیز پر غذا اثر ڈالتی ہے۔ اور اس میں آپ کے حیض کا چکر بھی شامل ہے۔ زیادہ مرغن، نشاستے دار اور سبزیوں سے پاک غذائیں کھانا - کیآ آپ کو ایک اور وجہ چاہیے؟ تو ۔ ۔ ۔۔ٹھیک ہے آپ کو ایک اور وجہ مل گئی ہے!
  • ورزش۔ نارمل حیض کے لئے آپ کے جسم کو مناسب مقدار میں چربی اور غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ کھیل کے لئے سخت جسمانی مشقت (اور ہمارا مطلب ہے بہت زیادہ سخت مشقت) کر رہی ہیں، تو بعض اوقات یہ بھی آپ کے پیریڈز کی باقاعدگی کو روک سکتا ہے۔

آخری مگر بہت ضروری بات: جوابات حاصل کرنے میں کبھی بھی خوف مت کھائیں۔ اگر آپ پریشان ہیں تو اپنی امی سے پوچھیں۔ اگر وہ نہیں جانتیں کہ کیا مسئلہ ہے تو اپنی ڈاکٹر سے پوچھیں اگر وہ نہیں جانتیں تو کسی اور ڈاکٹر سے پوچھیں۔ یہ آپ کا جسم ہے، آپ کی زندگی ہے، اور یہ فیصلے آپ نے خود کرنے ہیں

Share your feedback