اصل خوبصورتی وہ ہے جو آپ کے اندر ہے
بہت سی لڑکیاں ہر وقت یہ شکایت کرتی نظر آتی ہیں: ہائے میرا رنگ تو گندمی ہے 'خوبصورت' لڑکیوں کا رنگ تو گورا ہوتا ہے۔ یہ اشتہار بنانے والے آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہماری گندمی یا سرمئی رنگت میں کوئی خرابی ہے اور ان کے پاس اس خرابی کا سارا حل موجود ہے، جی ہاں رنگ گورا کرنے والے صابنوں اور کریمز کی شکل میں۔
لیکن اب ہمیں اس سچائی کو ماننا ہو گا کہ جلد کے سارے رنگ خوبصورت ہوا کرتے ہیں۔ کیا آپ کہہ سکتی ہیں بپاشا، پریانکا، یا ریکھا پیاری نہیں ہیں؟ ہر گز نہیں! یہ خواتین کامیاب بھی ہیں اور خوبصورت بھی - اور ان سب کی جلد کا رنگ بھی سرمئی یا سانولا ہے۔ دراصل وہ اس لیے خوبصورت ہیں کیونکہ ان کی شخصیت پراعتماد ہے اور وہ اپنی ذات اور شخصیت کو اپنے رنگ روپ سے کہیں زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
حسن کا مطلب صرف یہ نہیں کہ رنگ گورا ہو، بال لمبے گھنے ہوں جسم دبلا پتلا ہو۔ دنیا میں بیشمار لوگ ایسے ہیں جو مختلف جسامت کے ساتھ' بالوں کے مختلف شیڈز کیساتھ 'مختلف نین نقش اور مختلف رنگ کے ہو کر بھی خوبصورت ہیں۔ وہ کیا چیز ہے جو انہیں اتنا دلکش بنا دیتی ہے؟ وہ ہے ان کی پراعتماد شخصیت۔
لڑکیوں کو یقین دلانے میں کہ ان کی جلد کی رنگت ٹھیک نہیں کے کام میں کئی باتیں غلط ہیں۔ تو آئیے سب سے پہلے ہم آسانی سے سمجھ میں آنیوالی برائی سے شروع کرتے ہیں وہ یہ کہ بہت سی مصنوعا ت بلکل بھی محفوظ نہیں ہیں۔
غیرذمہ دار کمپنیاں رنگ گورا کرنے والی چیزوں میں خطرناک کیمیائی مادے اور نقصان دہ مواد ڈالتی ہیں جیسے اسٹیو رائیڈز، ہائیڈرو کونین اور مرکری وغیرہ۔ یہ چیزیں بہت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں اور ان سے صحت کے لاتعداد مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جیسے مختلف طرح کے داغ دھبے اور زہریلے اثرات بلکہ موت بھی واقع ہو سکتی ہے! اف خدایا!
اور ہاں کچھ رنگ گورا کرنے والی کریموں کے نام بڑے شاندار ہوتے ہیں جیسے "نباتاتی" اور "قدرتی"، مقصد یہ ہوتا ہے کہ آپ کسی طرح مان جائیں کہ یہ کریمیں محفوظ ہیں۔ لیکن دراصل بہت سی چیزیں ہیں تو قدرتی مگر اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ وہ آپ کی لیے اچھی بھی ہیں۔ حتیٰ کہ دنیا کے سب سے خطرناک زہریلے مادے بھی انہی قدرتی چیزوں میں موجود ہوتے ہیں۔ کئی طرح کے زہر موجود ہوتے ہیں جنہیں قدرتی کہا جاتا ہے لیکن ہم یقیناً انہیں اپنے چہرے پر ہر گز نہیں لگانا چاہیں گے۔
یقین کریں آپ کے چہرے کا رنگ جیسا ہے انتہائی خوبصورت ہے اور جب آپ پراعتماد اور خوش ہوتی ہیں تو آپ صاف جلد گورے رنگ سے کچھ بڑھ کر اجاگر کر رہی ہیں۔ دراصل آپ اپنے اندر کی خوبصورتی سے جگمگا تی اور روشن دکھائی دیتی ہیں۔
Share your feedback