بہترین مطالعاتی سیشن کے لیے اعلٰی تجاویز
زیادہ تر لوگوں کی طرح آپ بھی شاید نئی چیزیں سیکھنا اور اسکول جانا پسند کرتی ہیں لیکن امتحانات اور ٹیسٹس کے لیے پڑھائی کرنے کو ذرا مُشکل سمجھتی ہیں، کیا ایسا ہی ہے؟
آپ کو یہ بھی پتہ ہے کہ آخری منٹ تک انتظار کرنا امتحان یا ٹیسٹ میں زیادہ گڑبڑ کا باعث بنے گا۔ کیا آپ امتحان سے ایک رات پہلے رٹا لگا لگا کر تنگ آ گئی ہیں؟ پڑھائی میں اپنے ارتکاز کو بڑھانے کے لیے کیوں نہ کچھ نئے مطالعاتی ٹوٹکے آزمائے جائیں۔ یہ آزمودہ نُسخے ہیں اور ان سے آپ کو لگن سے پڑھنے میں مدد ملے گی۔
مُطالعہ کے لیے ایک باقاعدہ وقت اور جگہ سیٹ کریں۔ یہ جگہ ہر شام کو آپ کے کچن کا ٹیبل ہو سکتا ہے یا اسکول کے بعد ایک گھنٹے کے لیے آپ کے دوست کا گھر۔ معمول کے مُطابق پڑھائی کرنے کے لیے وقت اور جگہ طے کرنے سے آپ کے لیے اپنے مُطالعاتی سیشنز کی پابندی کرنا نسبتاً آسان ہو گا - اور اُمید ہے کہ آپ کو اس کی عادت ہو جائے گی!
بڑے کاموں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر لیں۔ چاہے آپ کسی بڑے ٹیسٹ کے لیے تیاری کر رہی ہوں یا کسی پراجیکٹ پر کام کر رہی ہوں، اس کے سونپے جاتے ہی اپنے لیے روزانہ کے حساب سے چھوٹے چھوٹے اہداف سیٹ کر لیں۔ کسی بڑے کام کا سامنا ہو تو اس کے اثر میں حد سے زیادہ آجانا بہت آسان ہے۔ نیز یہ کہ چھوٹے چھوٹے اہداف کو حاصل کرنے سے آپ کو تکمیل کا احساس ہو گا - اور اس سے آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔
وقفہ لیں۔ پڑھنے اور سیکھنے کے اوقات مُقرر کرنا آپ کے لیے مُفید ہو گا، آپ صرف تب تک لگن سے پڑھ سکتی ہیں جب تک کہ آپ کے دماغ کو وقفے کی ضرورت نہ پڑ جائے! ہر 45 منٹ سے ایک گھنٹے کے بعد 10 منٹ کا وقفہ تجویز کیا جاتا ہے۔ اپنی کتابوں کو پرے ہٹا کر چند منٹوں کے لیے کمرے سے باہر جائیں، اپنے بہن بھائیوں سے بات چیت کریں یا اپنی والدہ کے ساتھ مل کر چائے بنائیں۔ لیکن بہت دیر نہ لگائیں - نہیں تو آپ کا پڑھنے کا جذبہ ماند پڑ جائے گا۔
دریافت کریں کہ پڑھائی کا کون سا طریقہ آپ کے لیے مفید ہے۔ کچھ لوگوں کے مُشاہدے میں یہ بات آتی ہے کہ ان کے لیے سیکھنے کا بہترین ذریعہ اپنے نوٹس کو دوبارہ لکھنا ہے، جبکہ کچھ لوگ اپنے کام کو با آوازِ بُلند پڑھنا پسند کرتے ہیں اور کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کے لیے سیکھنے کا بہترین طریقہ گروپ کی شکل میں علم کا تبادلہ کرنا اور ایک دوسرے کی مدد کر کے سیکھنا ہے۔ پڑھائی کرنے کے مُختلف طریقوں کو آزمانے کے لیے کچھ وقت نکالیں اور اُس طریقے کا انتخاب کریں جو آپ کے لیے کار آمد ہو۔ یہ بھی مُمکن ہے کہ آپ دریافت کریں کہ کبھی کبھی آپ کو مُختلف موضوعات کے لیے مُختلف مطالعاتی طریقہ ہائے کار کی ضرورت پڑتی ہے۔
میری دُعا ہے کہ آپ کو کامیابی ملے! ذرا لگن سے پڑھنے سے آپ اگلے ٹیسٹ میں زبردست نمبروں سے کامیاب ہو سکتی ہیں!
یاد رکھیں: اگر آپ اسکول نہیں جاتیں تو تب بھی آپ ان تجاویز کا استعمال کوئی نئی مہارت حاصل کرنے یا کسی نئے مُشکل کام سے نمٹنے کے لیے کر سکتی ہیں - ان پر عمل کر کے دیکھیں۔
Share your feedback