اسکول اور گھر کی زندگی میں توازن لانا سیکھیں۔۔۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ہنسی مذاق کے لیے وقت بھی نکالیں
ھر کے کاموں، اپنی دوستوں سے ملنے اور اسکول میں ملا کام کرنے کے دوران ہو سکتا ہے ایسا محسوس ہو کہ دن میں اتنا وقت ہی نہیں ہوتا کہ انسان کچھ اور کر سکے۔ اگر آپ کی سہیلیاں اسکول کے بعد کچھ وقت اکٹھے گزارنا چاہ رہی ہوں تو آپ اپنا تاریخ کا پراجیکٹ کیسے ختم کر سکتی ہیں - جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کھانا پکانے میں آپ کو اپنی والدہ کی مدد بھی کرنی ہے؟
مطمئن رہیں - ہمارے پاس اس کا حل موجود ہے! ذہنی تناؤ سے نمٹنے میں یہ تجاویز آپ کے کام آئیں گی۔
کاموں کی فہرست بنا لیں ہر ہفتے کے شروع میں اپنے تمام کاموں کی فہرست بنا لیں۔ گھر کے کاموں (جیسے اپنی والدہ کے ساتھ مل کر کھانا پکانا)، مزے کی سرگرمیوں (جیسے اسکول کے بعد دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا) اور اسکول کے کاموں (جیسے فزکس کے بڑے ٹیسٹ کی تیاری کرنا) کو اس فہرست میں شامل کر لیں۔
فہرست کو ترتیب دیں آپ کی فہرست میں اہم ترین کام کونسے ہیں - آج کے کرنے والے کام کونسے ہیں اور کونسے کام ایسے ہیں جو ہفتے کے بعد کے دنوں میں کیے جا سکتے ہیں؟ آپ اپنے کاموں کو ترتیب دے کر ہر روز کچھ چیزوں پر توجہ دے سکتی ہیں، بجائے اس کے کہ آپ کاموں کے بوجھ تلے دبا ہوا محسوس کریں! بڑے کاموں - جیسے کوئی انتہائی بڑی اسائنمنٹ - کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں۔ اس طرح سے اپنے کاموں سے نمٹنا پہلے سے آسان محسوس ہو گا۔
اپنا خیال رکھیں اپنا خیال رکھ کر آپ اپنے کاموں کی فہرست کو بہتر طریقے سے ہینڈل کر سکیں گی۔ دن میں کم از کم ایک دفعہ صرف اپنے لیے کوئی کام کریں جیسے اسکول کا کام کرنے سے پہلے چائے کا کپ پینے اور سستانے کے لیے پانچ منٹ نکالنا۔ جب آپ خود کو ہشاش بشاش محسوس کر رہی ہوتی ہیں تو آپ پہلے سے بہتر پڑھائی کر سکتی ہیں!
ایمانداری برتیں اسکول کے بہت زیادہ کام کی وجہ سے ذہنی تناؤ محسوس کرنے پر اپنے والدین سے بات کریں۔ انہیں بتائیں کہ اس ہفتے آپ کو اسکول کا بہت سا کام کرنا ہے اور پوچھیں کہ کیا آپ کسی بہن بھائی کے ساتھ گھر کے کاموں کا تبادلہ کر سکتی ہیں یا اگلے ہفتے اس کی تلافی کے طور پر زیادہ کام کر سکتی ہیں۔
دوستوں کے ساتھ بھی ایسے ہی کریں! جب وہ ساری دوپہر اکٹھے وقت گزارنا چاہ رہی ہوں جبکہ آپ نے کسی ٹیسٹ کے لیے تیاری کرنی ہو تو تھوڑا سا وقت اُن کے ساتھ گزار لیں اور پھر گھر آ کر پڑھائی شروع کر دیں۔ آپ دوستوں کے ساتھ مل کر پڑھنے کا تجربہ بھی کر سکتی ہیں - لیکن خیال رہے کہ کام کرنے کی بجاِئے باتوں میں وقت ضائع نہ ہو۔
Share your feedback